گوادر کتب میلے سے غیر قانونی گرفتار نوجوانوں سمیت کتابوں کو قید کرنا بلوچ دشمن و علم دشمن عمل ہے۔ بساک

24

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ کتب میلوں کی مہم بلوچستان کتاب کاروان کے نام سے جاری کتب میلوں کی سلسلے سے گوادر شہر میں بھی مہم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت کل سے کتب میلہ گوادر شہر میں جاری تھا مگر انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ پولیس و سیکورٹی فورسز نے کتب میلہ پر دھاوا بول کر وہاں موجود تنظیم کے زمہ داران کو کتابوں سمیت گرفتارکرکے تھانے لے جایا گیاجو پچھلے نو گنٹھوں سے تھانے میں قید کیے گئے ہیں۔ پولیس و انتظامیہ یہ جواز پیش کررہے ہیں کہ کتابوں میں شائد ریاست مخالف کتابیں ہوں گی، مگر کتابیں سمیت چاربلوچ طالبعلم پچھلے نو گھنٹوں سے پولیس و حساس اداروں کے تحویل میں ہیں اور ان کو ابھی تک نہ ایسی کتابیں ملی ہیں اور نہ ہی حکومت کی جانب سے کوئی پابندی عائد کی گئی لٹریچر۔ اسی لیے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ صرف بہانے ہیں، ان قوتوں کو بلوچ معاشرے میں علم پھیلانے و بلوچ نوجوانوں کی پڑھنے میں مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس کے کہنے پر جب طالبعلموں نے اجازت نامہ درخواست لکھ کر نوجوان کتابوں سمیت رہا کرنے ہی والے تھے کہ کچھ سول وردی میں ملبوس افراد دوبارہ تھانے آکر طالبعلموں کو کتابوں سمیت دوبارہ گرفتار کرکے ان کو تحقیقاتی روم میں لے جایا گیا۔ طالبعلم پچھلے نو گھنٹوں سے ایک تحقیقاتی روم میں قید ہیں اور تفتیش کے نام پر ان کو ذہنی و جسمانی اذیتیں دینے کاخدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ سے اجازت نامہ لینے کے باوجود اس ملک کی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے نوجوانوں کو حراست میں رکھا گیا ہے اور اب غیرقانونی گرفتار طالبعلموں کو تحویل میں لے کر ان کو بنا کسی کیس کے کل عدالت میں پیش کرنے کا کہا جارہا ہے جو ناصرف غیر قانونی عمل ہے بلکہ اس ملک و حکومت پر ایک مزاحیہ ہے اور اس عمل میں ضلعی انتظامیہ و پولیس برابر کے شریک ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ یہ دنیا کا بالکل انوکھا واقعہ ہے جہاں علم پھیلانے والے کتابوں کو گرفتار کرکے جیل میں بندکیا گیا ہے۔ وہی کتابیں جو معاشرے کوسنوار کر انسان کو شعور یافتہ کرکے سماج کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہیں ۔ انتہائی حیرانگی و افسوس کا مقام ہے کہ یہی کتابیں اسی ملک میں چپ کر ملک بھر میں فروخت ہوتے ہیں اور دوسرے صوبوں میں بڑے بڑے سنٹروں میں کتب میلے سجا کر کتابیں فروخت کیے جاتے ہیں مگر جب بات بلوچستان کی آتی ہے تو یہاں الگ ہی کہانی و قوانین ہیں۔ یہاں کتب میلوں پر بندوق بردار دھاوا بول کر طالبعلموں کو ہراساں کرکے ان کو غیر قانونی گرفتار کرکے کتابوں سمیت قیدوبند کرتے ہیں۔ کبھی کتب میلوں پر دھاوا بول کر کتابوں کو ضبط کیا جاتا ہے تو کبھی طالبعلموں کو دیگر علمی سرگرمیوں لے پاداش میں مختلف ہتھکنڈوں سے ہراساں کیا جاتا ہے۔ یہ سارے بلوچ دشمن و علم دشمن حرکتوں سے نہ بلوچ نوجوان ڈر جائیں گے اور نا ہی علم کے چراغ کو پھیلانے میں پیچھے ہٹیں گے۔

مزید کہاکہ گوادر کی طرح بلوچستان کے دوسرے علاقے ڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد، جھل مگسی، جعفرآباد، سبی ، بارکھان، تونسہ، حب چوکی سمیت دیگر کچھ کتب میلوں پر پولیس و سول وردی افراد نے دھاوا بول کر مختلف حربوں سے ہراساں کیا اور کچھ جگہ اسٹالوں کو بلاجواز بند کیا گیا۔ یہ سارے حربے بلوچ معاشرے کو پیچھے دکھیلنے کے لیے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیے جارہے ہیں تاکہ بلوچ نوجوان علم سے دور رہیں۔
ہم انتظامیہ وپولیس سمیت تمام قوتوں کو واضح الفاز میں کہنا چاہتے ہیں کہ وہ ایسے رویوں کو ترک کرکے تمام گرفتار بلوچ طالبعلموں کو جلد سے جلد رہا کیا جائے اور بلوچستان بھر میں جاری کتب میلوں میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کریں۔ اگر بلوچ طالبعلم کتابوں سمیت رہا نہیں کیے گئے تو تنظیم کی جانب سے سخت سے سخت احتجاجی ردعمل دیا جائے گا۔