منگل کے روز بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر صبیحہ بلوچ کی قیادت میں دفاع بلوچ اقدار کے نام سے میں دالبندین ایک ریلی نکالی گئی ،ریلی مختلف مقامات سے ہوکر کلی قاسم خان کے فٹبال گراؤنڈ میں ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی ۔
ریلی میں خواتین، بچوں سمیت بزرگ افراد کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔
جلسے سے ڈاکٹر صبیحہ بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دالبندین کے باشعور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ 25 جنوری کے جلسے کیلئے مکمل تیار ہیں، 25 جنوری کے جلسے کو سبوتاژ کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں کراچی میں بلوچ یکجتی کمیٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری اور ایف آئی آر، گزشتہ روز نوکنڈی میں بلوچ یکجتی کمیٹی کے زیرِ اہتمام جلسے کے شرکاء کے خلاف ایف آئی آر اس کی ایک کڑی ہے کہ بلوچ قوم کو 25 جنوری کے جلسے سے کس طرح روکا جائے مگر یہ دشمن قوتوں کی بھول ہے کہ اب وہ بلوچوں کو کسی دھونس دھمکی اور ایف آئی آر سے روک سکیں ۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ آج ظلم کے خلاف نکلے ہیں، سرحدی علاقے کے لوگوں کیلئے روزگار کے دروازے بند کر کے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے، ہر طرح سے ہماری نسل کشی کی گئی لیکن دشمن یہ بات یاد رکھے کہ اگر بلوچستان بلوچ کے لیے جہنم ہے تو تمہیں بھی چیھن سے بیٹھنے نہیں دینگے۔