بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کو آج جمعرات کو اولین ساعتوں میں ایک درانداز نے ان کے گھر پر چھرا مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ وہ اس وقت ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں زیرعلاج ہیں، جہاں ڈاکٹروں نےانہیں اب خطرے سے باہر بتایا ہے۔
بھارتی خبر رساں ایجنسیوں پی ٹی آئی اور اے این آئی کی رپورٹوں کے مطابق جمعرات کو علی الصبح تقریباﹰ تین بجے ایک درانداز ممبئی میں سیف علی خان کے گھر میں گھس گیا، جب وہ سو رہے تھے۔ ان کے ملازم نے اس شخص کو روکنے کی کوشش کی، جس سے دونوں میں جھگڑا ہو گیا۔ اس دوران جب سیف علی خان بیچ بچاؤ کرنے آئے تو درانداز نے ان پر حملہ کردیا۔ اداکار پر چاقو سے چھ وار کرنے کے بعد وہ فرار ہو گیا۔
مقامی باندرہ پولیس نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس حملہ آور کو تلاش کررہی ہے۔ پولیس سیف علی خان کے گھر پر کام کرنے والے ملازموں سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
ممبئی کرائم برانچ کو متوازی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جس نے ملزم کی تلاش کے لیے سات ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
سیف کی ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں سرجری ہوئی ہے۔ اسپتال کے عملے نے تصدیق کی ہے کہ وہ اب خطرے سے باہر ہیں۔
سیف علی خان کی ٹیم کی جانب سے ایک باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے، “مسٹر سیف علی خان کی رہائش گاہ پر چوری کی کوشش کی گئی تھی۔ وہ اس وقت اسپتال میں سرجری کروا رہے ہیں۔ ہم میڈیا اور مداحوں سے تحمل سے کام لینے کی درخواست کرتے ہیں۔ یہ پولیس کا معاملہ ہے۔ ہم آپ کو صورتحال سے باخبر رکھیں گے۔
اس کے ساتھ ہی سیف کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کی پی آر ایجنسی کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ رات ان کے اور سیف کے گھر میں چوری کی کوشش کی گئی۔ سیف کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے اور وہ اسپتال میں ہیں۔ گھر کے باقی افراد بالکل ٹھیک ہیں۔
بیان میں کہا گیا، “ہم میڈیا اور مداحوں سے گزارش کرتے ہیں کہ صبر سے کام لیں اور قیاس آرائیاں نہ کریں کیونکہ پولیس پہلے ہی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ آپ کی تشویش کے لیے آپ سب کا شکریہ۔