قلات: بلوچ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آگاہی ریلی کا انعقاد

126

بلوچ یکجہتی کمیٹی قلات زون کی جانب سے پیر، 13 جنوری کو بلوچ شہداء اور ماورائے عدالت قتل کے متاثرین کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی مغل چوک سے شروع ہو کر شہداء کی آرام گاہوں تک پہنچی، جہاں شرکاء نے شہداء کی قبروں پر روایتی بلوچی چادریں چڑھائیں، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، اور ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

ریلی کی قیادت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بیبرگ بلوچ نے کی، جبکہ عوام کی بڑی تعداد، جن میں خواتین بھی شامل تھیں، اس موقع پر موجود رہی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مارنگ بلوچ نے کہا کہ بلوچ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں ہماری جدوجہد کا نشان ہیں اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہوئے ان قربانیوں کے مقصد کو آگے بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے غلاموں کا کسی صورت غلام بن کر نہیں رہیں گے۔ انگریز نے بھی کبھی اس طرح نہیں کہا کہ بلوچوں کے گھروں میں گھس جاؤ، سرکاری سرداروں سے کہتی ہوں کہ اپنی سرزمین سے غداری نہ کریں، غلامی چھوڑ دیں اور آئیں اس تحریک کا حصہ بنیں۔

بیبرگ بلوچ نے ریلی کے دوران عوام سے اپیل کی کہ وہ 25 جنوری کو دالبندین میں ہونے والے قومی اجتماع میں بھرپور شرکت کریں، تاکہ بلوچ نسل کشی کے خلاف ایک مضبوط اور اجتماعی آواز اٹھائی جا سکے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے آرگنائزرز نے اعلان کیا کہ دالبندین کا یہ اجتماع عالمی برادری کو یہ پیغام دے گا کہ بلوچ قوم اپنے شہداء کے وارث ہیں اور ظلم و ناانصافی کو کبھی برداشت نہیں کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قبریں اور ان کی قربانیاں ہمارے لیے جدوجہد کا روشن راستہ ہیں، اور ہمیں ان کے نظریے کو زندہ رکھتے ہوئے اپنی سرزمین کی حفاظت کرنی ہوگی۔

ریلی کے اختتام پر عوام نے شہداء کے لیے دعائیں کیں اور اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔