ژوب: تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ، ٹھیکیدار سمیت تین افراد اغواء

170

بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی زیر تعمیر ژوب میر علی خیل ٹانک روڈ کے سیکشن ٹو پر واقع ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد نے حملہ کرکے کیمپ سے ٹھیکیدار سمیت تین افراد کو اغواء کر لیا ہے۔

واقعہ ژوب شہر سے تقریباً 70 کلومیٹر دور بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سرحد کے قریب علاقے کچھ مینا میں پیش آیا، مقامی پولیس کے مطابق اغوا کیے گئے افراد کا تعلق ژوب کے علاقے کلی خوژکزئی سے بتایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کی واردات رات گئے اس وقت پیش آئی جب تعمیراتی کام کے لیے کیمپ میں موجود افراد آرام کر رہے تھے۔

پولیس نے واقعے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور علاقے میں مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام نے کہا ہے کہ واقعے کے پس منظر اور اغوا کاروں کے مقاصد کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔