البیضاء صوبے میں یمنی فوج کی نئی پیش قدمی، متعدد حوثی باغی ہلاک

128

یمنی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ البیضاء صوبے کے دو ضلعوں الملاجم اور القریشیہ میں سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے نئی پیش قدمی کی ہے۔

بیان کے مطابق اس دوران الملاجم ضلعے میں باغی ملیشیا کے ساتھ شدید جھڑپوں کے بعد “شعب باحواص” اور “ظهر البياض” کے علاقوں کو آزاد کرا لیا گیا۔

عسکری ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لڑائی کے نتیجے میں باغی حوثی ملیشیا کے 9 ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مارے جانے والوں میں ابو علی الفاطمی سمیت کئی کمانڈر بھی شامل ہیں۔ یمنی فوج نے چھوٹے ہتھیار اور مختلف نوعیت کا گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔

ادھر البیضاء صوبے کے ضلع القریشیہ میں پیر کے روز عوامی مزاحمت کاروں کے ایک بڑے حملے میں 17 مسلح حوثی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جب کہ 5 جنگجوؤں کو قیدی بنا لیا گیا۔ لڑائی میں عوامی مزاحمت کاروں کے 4 ارکان جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ حملے کے نتیجے میں عوامی مزاحمت کاروں نے قیفہ برداع کے علاقے میں تزویراتی اہمیت کے حامل ٹھکانوں جبلِ “جميدہ”، “حمام الذراع” اور “الخشيعا” کو آزاد کرا لیا۔ مذکورہ علاقوں کی آزادی کے بعد الزوب کے گرد حوثی ملیشیا کے محاصرے میں کمی آئے گی۔

حوثی ملیشیا کو 2014ء میں آئینی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے البیضاء صوبے میں مسلسل طور پر عوامی مزاحمت کا سامنا ہے۔ صوبے کو مکمل طور پر آزاد کرانے کے لیے فوجی آپریشن جاری ہے۔ اس سلسلے میں صوبے کے تیسرے ضلعے الملاجم میں عرب اتحاد کی معاونت سے یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کار مختلف محاذوں پر پیش قدمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔