تربت: جبری لاپتہ زمان اور ابولحسن کی عدم بازیابی کے خلاف لواحقین کا ایک بار پھر دھرنا

115

کیچ سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ زمان جان اور ابولحسن بلوچ کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی یقین دہانی کے باوجود زمان جان اور ابولحسن بلوچ کو اب تک بازیاب نہیں کیا گیا تو سی پیک روڈ کو ہوشاپ کے مقام سے غیر معینہ مدت تک بند رہے گا۔

زمان جان اور ابولحسن بلوچ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان دونوں کو ڈسٹرکٹ کونسل کیچ کے چیئرمین اوتمان بلوچ نے اپنے گھر بُلا کر جبری طور پر گمشدہ کیا تھا جس کے خلاف ہم نے سی پیک روڈ کو ہوشاپ کے مقام سے بند کر کے دھرنا دیا، دھرنے کے مقام سے انتظامیہ اور حکومتی نمائندوں سے مزاکرات میں ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ دو دنوں کے اندر زمان اور ابولحسن بلوچ کو بازیاب کیا جائے گا، مگر آج پانچ دن گزرنے کے باوجود انہیں اب تک بازیاب نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی ہمیں یہ بتایا جارہا ہے کہ وہ اس وقت کہاں اور کس کی قید میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور حکومت مسلسل جھوٹے بہانوں اور مختلف طریقوں سے ہمیں ہراساں کررہی ہے۔ ہم نے سی پیک روڈ سے اپنا دھرنا اس لیے ختم کیا تھا کہ دو دنوں کے اندر ہمارے پیاروں کو بازیاب کردیا جائے گا مگر حکومت دیے گئے وقت پر زمان اور ابولحسن کو بازیاب کرنے میں ناکام رہی اس لیے آج ایک بار پھر سے سی پیک روڈ کو بند کر کے دھرنا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج رات تک انہیں بازیاب نہیں کیا گیا تو ہوشاپ کے مقام پر سی پیک شاہراہ غیر معینہ مدت تک بند کرینگے ۔