جنوبی کوریا میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 85 افراد ہلاک

94

جنوبی کوریا کے ایک ہوائی اڈے پر 181 افراد کو لے جانے والا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 85 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طیارہ ملک کے جنوب مغرب میں واقع موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے سے پھسل کر دیوار سے جا ٹکرایا۔

نیشنل فائر ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والے 85 افراد میں 46 خواتین اور 39 مرد شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جیجو ایئر کا طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس جا رہا تھا اور لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا۔

جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں دو شخص زندہ ملے ہیں۔

ہوائی اڈے کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ امدادی کارروائی میں مصروف اہلکار طیارے کے عقبی حصے میں موجود مسافروں کو بچانے کی کوشش میں اب بھی مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز قزاقستان میں آذربائیجان ایئرلائنز کی پرواز گِر کر تباہ ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 38 لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

یونہاپ کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید کوئی پرندہ جہاز سے ٹکریا ہے جس کی وجہ سے لینڈنگ گیئر میں خرابی ہوئی اور حادثہ پیش آیا۔