کوئٹہ: گیس پائپ لائن تباہ کرنے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

160

کوئٹہ کے علاقے مغربی پائی پاس پر سوئی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑانے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز، کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو ٹائم بم سے اڑا دیا تھا، جس کے نتیجے میں سوئی گیس کی فراہمی کوئٹہ شہر، زیارت اور پشین کے مختلف علاقوں میں معطل ہو گئی۔

حکام کے مطابق گیس کی فراہمی میں خلل آنے کے بعد متاثرہ لائن کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے گذشتہ روز میڈیا کو بھیجے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سرمچاروں نے ایک آپریشن کے دوران مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا، مذکورہ کاروائی کے دوران بی ایل اے نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مزید 8 حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی تھی۔