پنجگور سے ایک شخص لاپتہ، ڈیرہ بگٹی سے لاپتہ شخص بازیاب

188

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔ جبکہ ڈیرہ بگٹی سے لاپتہ شخص بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں پنجگور کے علاقے پروم میں پاکستانی فوج نے چھاپہ مارکر چار نوجوانوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا تھا۔ تاہم بعد ازاں فورسز نے ضمانت کے لئے امان اللہ ولد صدیق کو بلایا جس کے بعد پاکستانی فوج نے خود امان اللہ کو بھی حراست میں لیا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔

دوسری جانب ڈیرہ بگٹی سے اطلاعات ہیں کہ رواں سال 14 مئی کو سوئی سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا شکار ہونے والا دلشاد ولد عابد بگٹی بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگی کے واقعات میں ایک بار پھر ہو شربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ کی جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے مہینے میں پاکستانی فورسز نے ایک سو چوالیس افراد کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا ہے۔