بلوچستان کے شہروں کوئٹہ اور اوتھل میں بلوچ طلباء کے احتجاجی دھرنے مختلف مسائل پر آج بھی جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اور اوتھل بلوچ طلباء کی جانب سے بولان میڈیکل کالج اور اوتھل یونیورسٹی کے سامنے دھرنوں کا سلسلہ شدید سردی کے باوجود آج بھی جاری رہا جہاں بڑی تعداد میں طلباء و طالبات ان دھرنوں میں شریک ہوئے۔
اوتھل یونیورسٹی کے طلباء نے جبری گمشدگیوں کے خلاف گذشتہ روز یونیورسٹی کے مرکزی دروازے کے سامنے دھرنا دیا، جو اب بھی جاری ہے۔
طلباء کا کہنا ہے کہ یہ دھرنا بیان بلوچ کی بازیابی کے لیے کیا جا رہا ہے، جو کچھ روز قبل اوتھل بازار سے دیگر طلباء کے ساتھ لاپتہ کیے گئے تھے، دھرنے میں طلباء کے ساتھ لاپتہ بیان بلوچ کے لواحقین و طلباء کی بڑی تعداد بھی شریک ہے۔
اس موقع پر طلباء نے اوتھل یونیورسٹی کے سامنے جاری دھرنے کے مقام پر سمینار کا انعقاد کرتے ہوئے لاپتہ طالب علم کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب، کوئٹہ میں بولان میڈیکل کالج کے طلباء کا احتجاج آج چھٹے روز بھی جاری رہا، مظاہرین کالج اور ہاسٹلز کی بندش کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں۔
طلباء نے الزام عائد کیا ہے کہ ہاسٹلز پر فورسز کے قبضے اور انتظامیہ کی بے حسی ان کے تعلیمی مستقبل کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
طلباء کے مطابق، یہ احتجاج ان کے حقوق کے لیے ہے، اور وہ کسی بھی صورت میں پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔