کیچ، کوئٹہ: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں نوجوان فوٹو گرافر سمیت تین افراد جبری لاپتہ

187

پاکستانی فورسز نے گزشتہ روز ضلع کیچ کے علاقے دشت سے دو افراد کوحراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔ جبکہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے بھی اطلاعات ہیں کہ پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دشت کے علاقے شولیگ سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا ہے۔ جنکی شناخت عبدالستار ولد خالد اور طارق ولد حاجی حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں دشت شولی کے رہائشی ہیں۔

لاپتہ ہونے والوں میں سے عبدالستار ایک نوجوان فوٹوگرافر ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دونوں دو دن قبل شہد کے شکار پہ گئے تھے اسی دوروان دونوں کو پاکستانی فورسزنےحراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

خیال رہے گذشتہ تین دنوں سے دشت اور گردنواح میں فوجی آپریشن جاری ہے مذکورہ علاقوں میں بڑی تعداد میں فوجیوں کی آمد رفت بھی دیکھی جاسکتی ہے، جبکہ دوران آپریشن اب تک سات افراد کے جبری گمشدگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔

کوئٹہ سے لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت مقبول ظفر ولد محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ جنہیں پاکستانی فورسز نے کلی اسماعیل سے جبری لاپتہ کیا۔