بلوچستان: حادثات اور واقعات میں پانچ افراد جانبحق، 10 زخمی

1

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر پانچ افراد جانبحق اور مزید دس زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے نوشکی میں شیر جان آغا کے علاقے میں مرکزی شاہراہ پر 2 گاڑیوں کے مابین تصادم کے نتیجے میں تیمور شاہ، اللہ نور، محمد عالم، سراج نامی تین افراد زخمی ہوگئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر ضلع پنجگور کے علاقے وشبود بائی پاس پر تیز رفتار پک اپ اور زمباد گاڑی کی ٹکر سے خاتون مسماۃ خ ب جانبحق جبکہ حادثے میں شاہ در و اویس نامی دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب خضدار کے علاقے فیروز آباد میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے علی حسن اور حسیب نامی دو افراد جانبحق جبکہ سمیع اللہ نامی شخص زخمی ہوگیا لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایک حادثے میں اوتھل کے قریب زیرو پوائنٹ کے مقام پر خضدار سے کراچی جانے والی مسافر وین تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں عبدالخالق ولد جمعہ نامی مسافر جانبحق اور دیگر چار مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔

لاش اور زخمیوں کو لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایمبولینس کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا جہاں پر زخمیوں کو طبعی امداد فراہم کرنے کے بعد مذید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید برآں گوادر پولیس نے مقامی کمپنی کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی نعش برآمد کی جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا نعش کی شناخت پرویز کے نام سے کی گئی۔ نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی ہے۔