نوشکی: خسرہ، پولیو، ٹی بی، کالی کھانسی، اور ہیپاٹائٹس بی کے ویکسین سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد

32

محکمہ صحت یونیسف اور ای پی آئی کے تعاون سے نوشکی پریس کلب میں صحافیوں اور سوشل ایکٹوسٹس کے لئے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔

ورکشاپ سے ای پی آئی پروگرام کے ایس بی سی کوآرڈینیٹر عبدالسلام بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر مشتاق مینگل اور ایم این ای آفیسر آغا داود شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ای پی آئی (توسیع شدہ پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات) بلوچستان میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے تاکہ بچوں اور خواتین کو ویکسین فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام بنیادی طور پر بچوں کو قابل علاج بیماریوں جیسے خسرہ، پولیو، ٹی بی، کالی کھانسی، اور ہیپاٹائٹس بی کے خلاف تحفظ فراہم کرتا ہے۔ بلوچستان کی جغرافیائی وسعت اور دور دراز علاقوں کی وجہ سے ای پی آئی کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جس میں صحت کی سہولیات تک رسائی کی کمی، صحت کے عملے کی کمی، اور عوام میں آگاہی کی کمی شامل ہے۔

ای پی آئی پروگرام نے بعض علاقوں میں ویکسینیشن کی کوریج کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں کی ہیں، لیکن کچھ عوامل جیسے سماجی رکاوٹیں، نقل و حمل کی مشکلات، اور سیکیورٹی کے مسائل نے اس کی کارکردگی کو محدود کیا ہے ۔

بلوچستان میں ای پی آئی پروگرام کی کامیابی کا دارومدار عوامی تعاون پر ہے۔ عوام میں ویکسینیشن کے فوائد کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور صحت کے نظام کی مضبوطی ای پی آئی کی کارکردگی کو بہتر بنا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ میڈیا عوام میں آگاہی پیدا کرنے ،غلط فہمیاں کو دور کرنے اور ویکسینیشن کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں موثر ذریعہ ہے ۔