مند میں ملا فاضل پبلک لائبریری کے نام پر لاکھوں روپے کا کرپشن

127

مند سول سوسائٹی کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق مند میں ملا فاضل پبلک لائبریری کے نام پر سالانہ 15 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم جاری کی جاتی ہے، جبکہ مند میں ایسی کوئی لائبریری موجود نہیں ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ رقم کہاں جاتی ہے اور کون اسے ہڑپ کر رہا ہے۔

سول سوسائٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ صرف مند پبلک لائبریری کا معاملہ نہیں بلکہ پورے کیچ میں موجود تمام لائبریریوں کے فنڈز میں کرپشن ہورہی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن ادارے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں، کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں اور ہڑپ کی گئی رقم کو سرکاری خزانے میں جمع کروائیں۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

سول سوسائٹی کے ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مند میں ملا فاضل پبلک لائبریری قائم کی جائے۔