کوئٹہ: اسپتالوں کی نجکاری کے خلاف ہیلتھ ورکرز کا احتجاج

56

‎گرینڈ ہیلتھ الائنس کا ہسپتالوں کی نجکاری کیخلاف احتجاج ، ریلیاں نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔

‎گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان کی مرکزی قیادت کی اپیل پر آج بلوچستان کے تمام اضلاع میں محکمہ صحت کی نجکاری اور کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئی اور مظاہرے کیے گئے۔

‎ان مظاہروں میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف، نرسز اور دیگر ہیلتھ ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے حکومت کی صحت دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔

‎مظاہرین کا اس موقع پر کہنا تھا محکمہ صحت کی نجکاری عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے، جس سے غریب عوام صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہوجائیں گے، اس پالیسی سے نہ صرف عام لوگوں کو نقصان پہنچے گا بلکہ صحت کے شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

‎ہیلتھ ورکرز نے کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں کو ملازمین کے مفادات کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

‎بلوچستان ہیلتھ الائنس نے حکومت بلوچستان کو دس دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت کی نجکاری اور کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے بصورت دیگر، احتجاج کا دائرہ وسیع تر اور سخت تر لائحہ عمل کے ساتھ جاری رہے گا۔

‎گرینڈ ہیلتھ الائنس نے وزیراعلی بلوچستان اور کابینہ سے اپیل کی کہ وہ ان جابرانہ فیصلوں پر نظرثانی کریں اور عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو فوری طور پر واپس لیں، صوبے میں ہزاروں ڈاکٹروں، فارماسسٹس، فزیوتھراپسٹس اور دیگر ہیلتھ ورکرز بیروزگاری کا شکار ہیں۔

‎الائنس کی قیادت نے تمام احتجاجی مظاہروں کی کامیابی پر بلوچستان بھر کے تمام کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مزید سخت لائحہ عمل کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ اگر حکومت نے ان مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا تو گرینڈ ہیلتھ الائنس سخت ترین اقدامات کرنے پر مجبور ہوگی۔