بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر پانچ افراد جانبحق جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے پنچی تسپ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے امان اللہ ولد عطا اللہ نامی شخص جانبحق ہوگئے ، جس کی لاش کو ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے-
ادھر حب ریورڈ روڈ مشرف موڑ اور گڈانی موڑ کے قریب دو ٹریفک حادثات میں ایک شخص جانبحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
حب ریورروڈ بلدیہ مشرف موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں 50 سالہ محمد علی ولد صابر علی نامی شخص جانبحق ہو گیا جبکہ 17سالہ علی نور ولد نور محمد شدید زخمی ہو گئے نعش اور زخمی شخص کو سول اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا۔
گڈانی موڑ کے قریب کوئٹہ ، کراچی شاہراہ پر تیز رفتار مزدا ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے اور کار گاڑی تباہ ہو گئی جبکہ کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی۔
دوسری جانب مچھ بی ایم سی کول مائنز ایریا مچھ میں مٹی کا تودہ گرنے سے محمد سدیس ولد محمد ابراہیم کے نامی کانکن جان کی بازی ہارگیا ہے، لاش مچھ اسپتال میں ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔
چمن سے اطلاعات کے مطابق غلطی سے پانی سمجھ کر تیزاب پینے سے نوجوان جان کی بازی ہارگیا۔
دریں اثناء 3 روز قبل سبی کے علاقے میں گھر پر پھینکا جانے والا دستی بم روڈ پر گرنے سے زخمی ہونے والے بچہ محمد یوسف الماس سی ایم ایچ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
سبی واقعہ میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئیں، جبکہ واقعہ میں مزید 4 بچے زخمی ہوگئے تھیں۔