کوئٹہ: 7 سال قبل جبری لاپتہ نور عالم کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج

91

جبری لاپتہ نور عالم مری سمیت دیگر لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف اتوار کے روز کوئٹہ میں احتجاج کیا گیا۔

جبری لاپتہ افراد کے لواحقین نے نور عالم مری کی بازیابی کے لئے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ سے احتجاجی ریلی نکالی جو عدالت روڈ، سرکلر روڈ، جناح روڈ، منان چوک سے ہوتے ہوئے عدالت روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی ۔

ریلی کے شرکاء نے نور عالم سمیت دیگر لاپتہ کئے گئے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے نعرہ بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ نور عالم مری کو 7 سال سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے جو تا حال لاپتہ ہے اور اس کا کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ نور عالم ولد دلشاد مری کو آج سے سات سال قبل ایک فوجی آپریشن کے دوران ان کے گھر یعنی ہرنائی سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا جو آج تک بازیاب نہیں ہوسکا، اس کی بوڑھی والدہ ان کی بازیابی کی امید لئے بیٹھی ہیں نور عالم مری سمیت تمام جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے لاپتہ کئے گئے پیاروں پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی ہو سکے ۔ اگر انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ ان کے پیاروں کو جس اذیت اور قرب سے گزرنا پڑتا ہے اس اذیت اور انتظار سے انہیں نجات مل سکے ۔