منفی مواد کی روک تھام کے لیے ٹیلی گرام کے بانی کا نئے فیچرز کا اعلان

238

مشہور میسنجنگ ایپ ٹیلی گرام کے بانی اور سربراہ پاول دروف نے ایپ کے لیے چند نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد غیرقانونی مواد، بوٹس اور دھوکے بازوں  کی راہ روکنا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاول دروف کا یہ بیان فرانس میں ان کی گرفتاری کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔ ان کی ایپ پر قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

پاول دروف نے گرفتاری کے بعد جمعرات کو پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے اسے ’گمراہ کن‘ اور ’حیران کن‘ قرار دیا تھا۔

تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ٹیلی گرام پرفیکٹ نہیں ہے اور غیرقانونی مواد کی راہ روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

ایسے مواد کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ 95 کروڑ صارفین میں سے ایک بہت ہی چھوٹے حصے کی طرف سے آتا ہے۔

انہوں نے جمعے کو ٹیلی گرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ایپ کے 99 اعشاریہ 99 فیصد صارفین کا جرائم سے کچھ لینا دینا نہیں صرف صفر اعشاریہ صفر صفر ایک صارفین غیرقانونی سرگرمیوں میں  ملوث ہیں اور پلیٹ فارم کے لیے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں جس سے ہمارے تقریباً ایک ارب کے قریب صارفین کے مفادات خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ٹیلی گرام نے ’پیپل نیئربائی‘ کا فیچر ہٹا دیا ہے، جس سے یوزرز کو دوسرے صارفین کو تلاش کرنے میں مدد ملتی ہے، تاہم اسے صفر اعشاریہ ایک فیصد سے بھی کم صارفین استعمال کرتے تھے مگر اس فیچر کو بوٹس اور سکیمرز کی جانب سے کچھ مسائل درپیش تھے۔‘

ان کے بقول ’اس کی جگہ ٹیلی گرام ’بزنس نیئربائی‘ کا فیچر شروع کر رہا ہے جہاں قانونی اور مصدقہ بزنس سے متعلق مواد ظاہر ہو گا۔‘

پاول دروف نے مزید کہا کہ ’ٹیلی گرام نے ٹیلی گراف پر نئی میڈیا اپ لوڈز کا فیچر بھی بند کر دیا ہے کیونکہ اس کو بھی بعض لوگوں کی جانب سے غلط استعمال کیا جا رہا تھا۔‘

چار روز تک حراست میں رہنے کے بعد 39 سالہ پاول دروف کو ٹیلی گرام پر شدت پسندی پر مبنی اور غیرقانونی مواد کو نہ روک پانے جیسے الزامات کا سامنا ہے۔

ان کو 24 اگست کو پیرس سے باہر بورگٹ ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ایک پرائیویٹ جیٹ کے ذریعے فرانس پہنچے تھے اور جتنے دن وہ حراست میں رہے ان سے پوچھ گچھ ہوتی رہی۔

پاول دروف کو 50 لاکھ یوروز کے عوض ضمانت دی گئی، اس شرط کے ساتھ کہ جب تک وہ فرانس میں رہیں گے ہفتے میں دو بار پولیس سٹیشن کا دورہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پلیٹ فارم پر کسی کی جانب سے ہونے والے جرائم پر مجھے گرفتار کرنا غلط ہے۔‘

فاربز میگزین کے اندازے کے مطابق پاول دروف ساڑھے 15 ارب ڈالر کے قریب دولت کے مالک ہیں، تاہم وہ سادہ زندگی گزارتے ہیں۔