تاج محمد سرپرہ کی بازیابی کے لئے 20 جولائی کو لندن میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے – صالحہ مری

140

جبری لاپتہ بلوچ کاروباری شخصیت تاج محمد سرپرہ کی اہلیہ صالحہ مری نے کہا ہے میرے شوہر میر تاج محمد سرپرہ کی جبری گمشدگی کو 4 سال ہو رہے ہیں، اس سلسلے میں ہم 20 جولائی 2024 بروز (ہفتہ) کو لندن میں خاندان کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کررہے ہیں، جس میں اپنے شوہر اور بلوچ لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ میں لندن میں مقیم سندھی، پشتون، مہاجر، کشمیری سمیت تمام انسان دوست افراد اور بالخصوص بلوچ قوم سے درخواست ہے کہ اس احتجاج میں شرکت کریں اور ہماری آواز بنیں۔

دریں اثناء بلوچ وائس فار جسٹس میر تاج محمد سرپرہ کی جبری گمشدگی کو 4 سال مکمل ہونے کے موقع پر 19 جولائی کو شام 7 بجے رات 12 بجے تک عوامی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کمپین چلائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 4 سال قبل 19 جولائی 2020 کو میر تاج سرپرہ کو گھر سے کراچی ائیر پورٹ جاتے ہوئے اغواء کرکے لاپتہ کیا گیا تھا وہ تاحال لاپتہ ہیں۔ ان کی بازیابی کے لئے خاندان کی جانب سے 20 جولائی کو لندن میں مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ بلوچ وائس فار جسٹس آن لائن کمپین چلائے گی لہذا تمام سیاسی و سماجی رہنماؤں، صحافیوں، خواتین، وکلا، طلباء اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 19 جولائی کو ایکس کمپین میں شامل ہوکر میر تاج محمد سرپرہ کی باحفاظت بازیابی کے لئے آواز اٹھائیں اور ہیش ٹیگ:
#ReleaseTajMuhammadSarparah
کا استعمال کریں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متوجہ کریں کہ وہ تاج محمد سرپرہ کی باحفاظت بازیابی کے لئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔