ڈیرہ غازی خان: بلوچ طلباء کا احتجاجی کیمپ 15ویں دن بھی جاری

228

پچھلے کئی دنوں سے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے بلوچ طلباء سراپا احتجاج ہیں، آج بلوچ طلباء کا احتجاجی کیمپ 15ویں روز بھی جاری رہا، ان کا مطالبہ اپنے ہی ڈسٹرکٹ ڈیرہ غازی خان میں قائم غازی میڈیکل کالج میں 10% فیصد ٹرائبل کوٹہ مقرر کرنا ہے۔

ڈیرہ غازی خان کے قدیم باسی بلوچ ہیں جو 15 ویں صدی سے یہاں آباد ہیں۔ قدرتی وسائل سے مالامال اس علاقے کے لوگ جدید عہد میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

ایک طالب علم نے دی بلوچستان پوسٹ کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ”ہمارا جائز اور مناسب مطالبہ ہے، ہمارے ضلع میں موجود غازی میڈیکل کالج میں ہمارا کوٹہ 10 فیصد بڑھا دیا جائے، اور ہمیں پڑھنے کا حق دیا جائے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ”ہم جب بھی وفاق یا پنجاب سے اپنی بنیادی حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ آپ لوگوں کے علاقے ٹرائبل ایریا میں آتے ہیں، جب ہمارے وسائل(یورینیم، گیس،تیل،اور سیمنٹ) کی باری آتی ہے وہ ٹرائبل میں کاؤنٹ نہیں ہوتے، بڑے شاطر ہیں، پچھلے ستر سالوں سے ہم سے ہماری زبان اور قومیت چھین گئے، اب ہماری تعلیم کے حق سے ہمیں محروم کرنا چاہتے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ ہمارے مسئلے کو حل کرنے کے لیے نام نہاد رہنماؤں نے اب تک نہ کوئی کردار ادا کیا بلکہ میڈیا نے بھی اس احتجاج کو نظر انداز کیا مگر طلباء کا کہنا ہے کہ اپنے حقوق کی جہدوجہد کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، اور اس احتجاج کو وسیع وسعت دی جائے گی۔ طلباء نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک ہمارا پرامن احتجاج جاری رہے گا۔