صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرِ خارجہ سمیت اعلیٰ حکام ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں – ایرانی میڈیا

268

ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی، وزیرِ خارجہ حسین امیر عبدالہیان سمیت اعلیٰ حکام ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے سبب صوبہ مشرقی آذربائیجان میں ورزقان کے علاقے کے قریب ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔

تباہ شدہ ہلی کاپٹر کی تلاش اتوار کی شام سے جاری تھی۔ پیر کی صبح امدادی رضا کاروں نے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے ملنے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ صوبہ مشرقی آذربائیجان کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں شدید دھند کے سبب امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جب کہ امدادی رضاکاروں نے مطلع کیا تھا کہ حادثے کے مقام پر زندگی کے آثار موجود نہیں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر حادثہ میں مکمل طور پر جل چکا تھا۔