گوادر شہر کے گرد باڑ – ٹی بی پی اداریہ

195

گوادر شہر کے گرد باڑ

ٹی بی پی اداریہ

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے سر کا تاج کہلانے والے شہر گوادر کے شہری خوف اور بے چینی کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ بلوچ مسلح تنظیموں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لئے چین کی حکومت کے اسرار پر پاکستان کے حکام نے گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تین سال قبل بھی باڑ لگانے کے عمل کا آغاز ہوا تھا لیکن شدید عوامی ردعمل پر گوادر شہر میں باڑ لگانے کے کام کو معطل کر دیا گیا تھا۔ حالیہ دنوں باڑ لگانے کے عمل کو دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔

گوادر شہر میں باڑ لگانے سے شہر کے باسی محصور ہوجائینگے اور ضلع کے باقی تین تحصیل پسنی، جیونی، اورماڑہ اور شہر کے دوسرے علاقے سربندن، پلیری، چب کلمتی ضلع کے مرکز سے کٹ جائیں گے اور انہیں گوادر شہر میں داخل ہونے کے لئے سخت سکیورٹی سے گزرنا ہوگا۔

گوادر پہلے ہی مسائل میں گھرا ہوا ہے، بارشوں سے سخت متاثر ہوچکا ہے لیکن بلوچستان حکومت دو مہینے بعد بھی بارش کے پانی کی نکاسی ممکن نہیں بنا پائی ہے اور ٹرالنگ کے خلاف ماہی گیروں کے احتجاج بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ سخت حفاظتی انتظامات کے باعث گوادر کے شہری پہلے ہی سخت مشکلات کا شکار ہیں اور سیکیوٹی کے نام پر لوگوں کی تذلیل اور عزت نفس کو مجروع کرنے کے خلاف منظم تحریکیں بھی چلی ہیں۔

بلوچستان میں استحصالی منصوبوں کو روکنے کے لئے دو دہائی سے مزاحمت جاری ہے اور چین کے مفادات کے تحفظ کے لئے گوادر شہر کو باڑ لگائی گئی تو بعید نہیں کہ اُس کے خلاف بلوچ عوام شدید مزاحمت کا راستہ اپنائیں۔