خضدار موبائل استعمال کرنے پر شوہر نے حاملہ بیوی کو قتل کردیا

247

خضدار بیوی سے موبائل برآمد ہونے پر شوہر نے حاملہ بیوی کو گلہ دبا کر قتل کردیا-

بلوچستان کے ضلع خضدار میں شوہر نے حاملہ بیوی کو موبائل استعمال کرنے پر قتل کر دیا حکام کے مطابق واقعہ دو روز قبل خضدار کے تحصیل زہری نور گامہ میں پیش آیا۔

لیویز انتظامیہ کے مطابق انھیں دو روز قبل اطلاع ملی کے کسی گھر میں خاتون کا کرنٹ لگنے سے انتقال ہوگیا ہے، تاہم زہری اسپتال انتظامیہ نے موت کی وجہ گلہ دبانے سے بتائی جس کے بعد انتظامیہ نے کاروائی کرتے ہوئے اس شبے میں خاتون کے شوہر ملزم رحمت اللہ کو گرفتار کرلیا ہے-

زہری لیویز حکام کے مطابق مقتولہ کے شوہر نے اعتراف جرم کرلیا اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے بھی اعترافی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے تسلیم کیا کہ اس نے اپنی اہلیہ کو موبائل استعمال کرنے پر قتل کیا اسے شبہ تھا کہ اہلیہ موبائل سے کسی سے فون پر بات کرتی تھی۔

زہری لیویز انتظامیہ کے مطابق رحمت اللہ کی شادی تقریباً تین سال قبل ہوئی تھی اور مقتولہ تین ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ ملزم کے خلاف خاتون کے والد کی مدعیت میں قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے بلوچستان کے ضلع خضدار میں رواں ماہ کے دوران اس طرز کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل خضدار کے علاقے گریشہ سے تعلق رکھنے والے خاتون کو مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر تصویر شائع ہونے پر والد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جبکہ اس واقعہ میں ایک لڑکے کو بھی قتل کیا گیا-

زہری لیویز حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر دونوں واقعات غیرت کے نام پر قتل کے زمرے میں ہی آتے ہیں۔

عورت فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ پانچ سالوں ( 2019 تا 2023) میں خواتین پر تشدد کے 324 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس دوران غیرت کے نام پر خواتین سمیت 179 افراد کو قتل کیا گیا ہے-