ڈیرہ غازی خان: بڑی تعداد میں بلوچ طلباء کی احتجاجی ریلی

225

ڈیرہ غازی خان میں ہزاروں بلوچ طلباء کا پنجاب حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیز کے خلاف احتجاجی ریلی، مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی۔

ڈیرہ غازی خان میں دی بلوچستان پوسٹ کے نمائندے کے مطابق گزشتہ گیارہ روز سے احتجاجی کیمپ لگائے ہوئے بلوچ طلباء نے آج غازی میڈیکل کالج سے پریس کلب تک بڑی تعداد میں ریلی نکالی، یہ طلباء گزشتہ گیارہ روز سے غازی میڈیکل کالج میں بلوچ طلباء کے لئیے دس فیصد کوٹہ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب بلوچ دشمنی کیوجہ سے ان جائز مطالبات کو یکسر نظر انداز کررہی ہے۔

ٹرائبل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایک طالبعلم نے کہا کہ ہم گزشتہ گیارہ دن سے اپنے تعلیمی حقوق کے لئیے سراپہ احتجاج ہیں مگر حکام کے کانوں میں جُوں تک نہیں رینگ رہی ہے، غازی میڈیکل کالج ہماری سرزمین پر ہے مگر ایک سازش کے تحت ہمارے لئیے تعلیم کے دروازے بند کئیے جارہے ہیں۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایک نوجوان نے کہا کہ “ہم تعلیم دوست ہیں، مگر پنجاب کا رویہ جابرانہ ہے، ملک کے دفاع کے لئیے ایٹمی دھماکے کئیے جاتے ہیں اور ہمیں ڈیرہ غازی خان کے بلوچوں کو بدلے میں مہلک بیماریاں ملتی ہیں، اگر ہمارے یہاں کسی کو سانپ ڈستا ہے تو یہاں سہولیات میسر نہیں ہیں سارے ویکسین لاہور کے ہسپتالوں میں رکھے ہیں”۔

بلوچ طلباء کا مزید کہنا تھا کہ ہم پُرامن طریقے سے اپنے تعلیمی حقوق مانگ رہے ہیں، اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو احتجاج کے اگلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان سے لاہور لانگ مارچ کرینگے۔