پنجگور، قلات حملوں میں 7 دشمن اہلکار ہلاک اور جانباز سرمچار سنگت چاکر شہید – بی ایل اے

849

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پنجگور اور قلات میں بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں کی پاکستانی فوج پر حملوں اور جھڑپ میں دشمن فوج کے سات اہلکار ہلاک اور جانباز ساتھی سرمچار سنگت چاکر عرف تابش شہید ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے 20 مارچ کی شب قلات کے علاقے جوہان میں قابض پاکستانی فوج کے مرکزی کیمپ کے حفاظتی چوکیوں پر راکٹ داغے اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ حملے میں کم از کم دو دشمن اہلکار موقع پر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ترجمان نے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے ایک اور کارروائی میں پنجگور میں رخشان ندی کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے پوسٹ پر راکٹ و دیگر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس میں چوکی میں موجود دو دشمن اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دشمن کو مزید جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچار سنگت شہید چاکر عرف تابش ولد لیاقت سکنہ پنجگور، خدابادان 20 مارچ کی شب گچک، کہن میں قابض پاکستانی فوج کے ساتھ ایک گھمسان کی لڑائی میں شہید ہوگئے۔

ترجمان نے کہا کہ شہید چاکر بلوچ گذشتہ چار سالوں سے بلوچ لبریشن آرمی سے منسلک تھے۔ آپ شہری محاذ پرقابض فوج کو دھول چٹانے کے بعد تنظیمی فیصلے کے تحت پہاڑی محاذ پر منتقل ہوگئے۔ شہید چاکر عرف تابش نے پنجگور شہر سمیت کیلکور، گچک، آواران کے علاقے مشکے، واشک کے علاقے راغے کے محاذوں پر کئی مواقع پر دشمن فوج پر کاری ضربیں لگائیں۔ آپ اپنی قابلیت و محنت کے باعث اس وقت کیلکور محاذ کے سیکنڈ کمانڈ کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بیس مارچ کی شب سنگت چاکر عرف تابش اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایک مشن کے سلسلے میں محو سفر تھے کہ آپ کا سامنا قابض پاکستانی فوج سے ہوا جہاں بی ایل اے کے سرمچاروں اور دشمن فوج کے درمیان جھڑپ کا آغاز ہوا۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں دشمن کے تین اہلکار موقع پر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ اس دوران سنگت چاکر شدید زخمی ہوگئے۔ شہید چاکر نے زخمی حالت میں باقی ساتھی سرمچاروں کو محفوظ راستہ فراہم کرتے ہوئے دشمن کو پیش قدمی سے روکے رکھا جبکہ بعدازاں آخری گولی کے فلسفے پر عمل پیرا ہوکر اپنی گولی سے شہادت کا انتخاب کیا۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی شہید سنگت چاکر کو اس عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ جلد یا بدیر شہداء کے عظیم مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔