خضدار ڈکیتی کے دوران ایک شخص قتل، واقعہ کے خلاف احتجاج

200

مسلح افراد کی گھر میں لوٹ مار کے دؤران فائرنگ سے جھالاوان سبزی منڈی کا صدر جانبحق ہوگیا۔

خضدار میں بدامنی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ، رات گئے ایک بازگیر یوسی کھنڈ خضدار میں درجن بھر مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر گھر میں موجود افراد کو یرغمال بنایا اور لوٹ مار کی، اس دؤران مزاحمت پر مالک مکان خضدار جھالاوان سبزی منڈی کے صدر علی حسن محمد حسنی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا-

مسلح افراد لوٹ مار اور قتل کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، خضدار پولیس اس متعلق تفتش کررہی ہے۔

علاوہ ازیں خضدار کے سیاسی وسماجی حلقوں اور انجمن تاجران کے تاجر رہنماؤں نے علی حسن محمدحسنی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار کے عوام مسلح رہزنوں کے رحم و کرم پر ہے خضدار میں پہلے آئے روز ڈکیتی ہورہی تھی اب تو انہوں نے شہریوں کی جان لینا بھی شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا ایک اہم سیاسی اور تاجر رہنماء کو گھر میں گھس کر بے دردی سے قتل کرنا دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے ان واقعات سے شہریوں میں خوف و ہراس میں مزید اضافہ ہوگا پولیس اور ضلعی انتظامیہ عوام کی جان و مال کی حفاظت میں بری طرح ناکام رہی ہیں۔

واقعہ کے خلاف ڈکیتی کے دؤران قتل ہونے والے علی حسن محمد حسنی کے اہلخانہ اور خضدار تاجران کی جانب سے احتجاجاً کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ کو سنی عوامی کے مقام پر دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا گیا-

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرے اور خضدار میں شہریوں کی تحفظ کو یقینی بنائے-