لسبیلہ: کوسٹ گارڈ زیادتیوں کیخلاف ٹرانسپورٹر کا احتجاجی کیمپ قائم، مطالبات تسلیم نہ کرنے پر مرکزی شاہراہ بند کرنے کا عندیہ

238

ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کوسٹ گارڈز کی بھتہ گیری و زیادتیوں کے خلاف اوتھل کے مقام پر احتجاجی دھرنا،سینکڑوں گاڑیاں روڈ پر کھڑی کرکے احتجاجی کیمپ قائم کردیا۔

المحمود ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی المعروف دادگئی نے تین روز کا الٹی میٹم دیدیا، تین روز میں مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں چوتھے روز کوئٹہ کرا چی شاہراہ کو بلاک کرکے سندھ بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز المحمود ٹرانسپورٹ کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی مبینہ بھتہ خوری و زیادتیوں کے خلاف کوسٹ گارڈ اوتھل چیک پوسٹ کے قریب المحمود ٹرانسپورٹ کی سینکڑوں گاڑیاں شاہراہ کے کنارے کھڑی کرکے احتجاجی کیمپ قائم کردیا، گاڑیوں پر سیاہ پرچم لہرادیئے گئے جبکہ مختلف لوگ احتجاجی کیمپ میں آکر کوسٹ گارڈز کی زیادتیوں کے خلاف ٹراسپورٹرز سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔

اس موقع المحمود کمپنی کے مالک حاجی داد محمد اچکزئی اور ملاں بہرام خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں اپنی چیک پوسٹ قائم کررکھی ہے جبکہ ضلع حب میں الگ سے مسافر گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے مسافر کوچز کو چیکنگ کے نام پر کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں وافسران نے رشوت خوری کا بازار گرم کررکھاہے ۔ گھنٹوں گھنٹوں گاڑیوں کو روک کرتلاشی کے نام پر کوچزمالکان اور مسافروں کو تنگ کیا جا تاہے جبکہ مسافر کوچوں سے بھتہ طلب کیا جارہاہے آخر بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ یہ ظلم کیوں کیا جارہاہے اوتھل میں کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹ قائم ہے لیکن پھر ساٹھ کلومیٹر دور ناکہ کھاڑی چیک پر مسافرکوچوں کو روک کرتلاشی لی جارہی ہے جو مسافرکوچز کے ساتھ ظلم کی انتہاہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے مظالم کے خلاف تنگ آکر آج ہم نے اپنی گاڑیاں روڈ کے سائیڈ پر کھڑی کردی ہیں اور اس ظلم کے خلاف احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا ہے اگر تین روز کے اندر اندر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو چوتھے روز اپنی گاڑیاں روڈ پر کھڑی کرکے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کردیا جائے گا اور کوسٹ گارڈزچیک پوسٹ اوتھل کے گیٹ کے سامنے دھرنا بھی دیا جائے گا پھر اس ساری صورتحال پر کوسٹ گارڈز ذمہ دار ہوگی۔