دس سالوں سے جبری لاپتہ والد کو بازیاب کیا جائے ۔ صدف امیر

277

جبری لاپتہ امیر بخش بلوچ کی بیٹی صدف امیر بلوچ نے کہا ہے کہ میرے والد کو 10 سال قبل 4 اگست 2014 کو کلانچ سے جبری لاپتہ کر دیا گیا۔ ایک دہائی گزر گئی، ہم نے انہیں دوبارہ کبھی نہیں دیکھا اور نہ ہی ان کے بارے میں ہمیں کوئی معلومات فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اسلام آباد دھرنے میں بھی شرکت کی اور وہاں سے بھی ہمیں خالی ہاتھ بھیجا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 21 فروری 2024 کو ہم اپنے والد کی بحفاظت بازیابی کے لیے بلوچ وائس فار جسٹس کے ساتھ مل کر X پر ایک مہم چلانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ شام سات 7 بجے سے رات 12 بجے تک اس مہم میں حصہ لیں، ہماری آواز بنیں، میرے والد کی بحفاظت بازیابی کے لیے آواز بلند کریں اور ہمیں اس طویل انتظار کی اذیت سے نجات دلانے کے لئے اپنا انسانی کردار ادا کریں۔