اسپیشل سیکرٹری صحت مجیب الرحمن قمبرانی نے بلوچستان میں آئندہ عام انتخابات کے دوران بلوچستان کے تمام ہسپتالوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی۔
اسپیشل سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن قمبرانی کی زیر صدارت انتخابات 2024 کے لیے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر فاروق ہوت ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عتیق اللہ خان ، ایم ڈی ٹراما سینٹر ڈاکٹر ارباب کامران ، ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکثر اسحاق پانیزئی ، ایم ایس بی ایم سی ہسپتال ڈاکٹر کمالان گچکی ، ایم ایس بینظیر ہسپتال ڈاکٹر افضل زرکون ، چیف ایگزیکٹو شیخ زید ہسپتال سریاب ڈاکٹر ذوالفقار بلوچ، ڈویژنل ڈائریکٹر کوئٹہ ڈاکٹر لبنیٰ خلیل، ڈویژنل ڈائریکٹر قلات ڈاکٹر طاہرہ بلوچ، ڈی مرک محمد اصغر، سیکشن آفیسر طہور خان، سیکشن آفیسر ریاست علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایمرجنسی ہیلتھ یونٹ ڈاکٹر عمیر، فارماسسٹ ایم ایس ڈی نعمت نے شرکت کی۔
اسپیشل سیکرٹری صحت مجیب الرحمن قمبرانی نے بتایا کہ ٹراما سینٹر ایمرجنسی کی صورت میں فوکل پوائنٹ ہوگا۔
عام انتخابات کے دوران درج تمام ایم ایسز، چیف ایگزیکٹوز اپنے متعلقہ ہسپتالوں، انسٹی ٹیوٹ، شعبہ جات میں چوبیس گھنٹے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔جنرل سرجری، نیورو سرجری، آرتھو پیڈکس، پلاسٹک سرجری، ادویات، برن یونٹ کے کنسلٹنٹس تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کی 24/7 حاضری یقینی بنائیں۔ تمام طبی آلات دستیاب ہونے چاہئیں اور ڈیوٹی روسٹر کے مطابق طبی عملہ اپنی جگہ پر موجود ہونا چاہیے۔ ریجنل بلڈ سینٹر کوئٹہ خون کے مختلف گروپس کے اضافی بلڈ بیگز کی دستیابی کو یقینی بناے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں خون کی کمی نہ ہو۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی فعال ہونا ضروری ہے۔ ہر پرائیویٹ ہسپتال میں کم از کم 5 بیڈز اور ہر سرکاری ہسپتال میں 25 بیڈز کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متاثرین کے لیے مجود ہونے چاہئیں۔
تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈی ایچ اوز ، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی اپنے اضلاع میں جان بچانے والی ادویات، خون آکسیجن اور دیگر ضروری میڈیکل ضروریات کی اضافی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ ہسپتالوں کی فارمیسیوں میں 24/7 ادویات اور ڈسپوزیبل سامان موجود ہونے چاہیے۔ منیجنگ ڈائریکٹر مرک کی قیادت میں مرک 1122 کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کے ریفرل کے لیے فوکل پوائنٹ ہوگا۔ مرک 1122 اپنی ایمبولینسز کو لازمی طور پر تیار اور چلتی ہوئی حالت رکھے۔