ترجمان آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن صوبائی سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد اسماعیل کو اپنے گھر سے نامعلوم افراد کی طرف سے اغواء کرنے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔
آل پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن صوبائی سنڈیمن ہسپتال کے صدر جمال شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری حافظ محمد عثمان زہری، چیئرمین کریم آغا نے اپنے ایک مذمتی بیان میں ڈاکٹروں کی اغواء کاری ایک بار پھر سے شروع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد اسماعیل جو کراچی میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سے آرتھوپیڈک کی ٹریننگ کر رہے تھے اور 11 نومبر 2023 سے اپنے گھر سے سادہ لباس میں ملبوس نامعلوم افراد کی جانب سے اغواء کیا گیا ہے اور تاحال اس کی کوئی بھی خبر نہیں ہے، ڈاکٹر محمد اسماعیل کی اغواء کاری پر خاموشی سے نہیں بیٹھیں گے حکومت ڈاکٹروں اور ہیلتھ کئیر پروائیڈر کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
صدر جمال شاہ کاکڑ نے مزید کہا کہ جہاں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر پروائیڈرز ایک طرف اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے کانگو، کرونا جیسے مختلف موضی اور جان لیوا بیماریوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرتے ہیں تو دوسری طرف اغواء کاروں کا نشانہ بھی بنتے ہیں ہم وفاقی حکومت ،سندھ حکومت اور حکومت بلوچستان کو خبردار کرتے ہیں کہ ڈاکٹر محمد اسماعیل کو جلد از جلد باحفاظت بازیاب کرکے اپنے گھر واپس پہنچایا جائے وگرنہ پیرامیڈیکس فیڈریشن پورے ملک میں سروسز کا بائیکاٹ کرکے ملک گیر احتجاج شروع کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت سندھ پر ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ پیرامیڈیکس فیڈریشن نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان سے پر زور مطالبہ کرتی ہے کہ ڈاکٹر اسماعیل کی بازیابی کے لیے صوبائی سطح پر اقدامات اٹھائے اور سندھ حکومت سے رابطہ کرکے ڈاکٹر اسماعیل کو ہنگامی بنیادوں پر بازیاب کروایا جائے۔