بلوچ ادیب و بلوچستان یونیورسٹی میں براہوئی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر منظور بلوچ کو تربت یونیورسٹی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر منظور بلوچ اپنے دورہ مکران کے موقع پر تربت یونیورسٹی کے وزٹ پر پہنچے تو انہیں جامعہ تربت کے گیٹ پر روک دیا گیا اور اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
طلباء، اساتذہ اور سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے جامعہ تربت ایڈمنسٹریشن کے اس اقدام کی بھرپور مذمت کی جارہی ہے، تاہم یونیورسٹی کی طرف سے اب تک کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں تربت یونیورسٹی انتظامیہ نے مرکزی گیٹ پر بُک اسٹال قائم کرنے سے طلبا کو روکا تھا۔ یونیورسٹی کے سیکورٹی گارڈز بُک اسٹال قائم کرنے والے طلباء کی ویڈیو بناکر ان کی پروفائلنگ کی۔
اسی طرح یونیورسٹی میں غیرنصابی کتابیں لیجانے پر طلباء کو سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے یہ کہہ کر روکا گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کتابیں لانے کی اجازت نہیں ہے۔
دوسری جانب طالبات کی جانب سے شکایت کی جارہی ہے کہ جامعہ میں عسکری اداروں کی مداخلت میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ طالبات کو زبردستی عسکری حکام کے تقاریب میں شرکت کیلئے لیجایا جاتا ہے۔