کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملے میں کانگو وائرس کی وباء پھیل گئی ۔
5 ڈاکٹروں سمیت 8 افراد تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل، مریضوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کر نے کے انتظامات کر لئے گئے۔
ترجمان محکمہ صحت بلو چستان کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے سول ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں فرائض سر انجام دینے والے ڈاکٹروں سمیت 18 کی حالت اچانک غیر ہوگئی جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال داخل کر دیا گیا جہاں طبی عملے اور ڈاکٹروں سمیت 18 افراد کے پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق صوبائی پبلک ہیلتھ لیبارٹری فاطمہ جناح ہسپتال کوئٹہ کی ٹیسٹ رپورٹ میں 5 ڈاکٹروں اور طبی عملے کے 3افراد میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق فاطمہ جناح ہسپتال کوئٹہ میںتمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ سیکر ٹری صحت بلوچستان عبد اللہ خان نے سول ہسپتال کا دورہ کیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاو کی روک تھام کے لئے ایم ایس سول ہسپتال ، محکمہ صحت اور ڈی جی ہیلتھ آفس کے اعلیٰ حکام اور پی ڈی ایس آر یو کی ٹیم کے ہمراہ کانگو وائرس متاثرہ افراد کے لئے آئیسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا ہے جبکہ تشویشناک حالت میں مبتلا ڈاکٹرز ور طبی عملے کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔
دریں اثنا سول ہسپتال کوئٹہ سے رپورٹ ہونے والے حالیہ کریمین کانگو ہیمرجک بخار کے کیسز کے حوالے سے اجلاس ہسپتال میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر انٹیگریٹڈ ہیلتھ اینڈ مانیٹرنگ یونٹ ڈاکٹر فہیم خان ، ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر اسحاق پانیزئی ، پروفیسر سید خالد شاہ ، ڈاکٹر حبیب مینگل ، انچارج پی ڈی ایس آر یو ڈاکٹر عباد خان ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر زبیر جان بگٹی ، آر ایم او جنرل ڈاکٹریعقوب کاکڑ نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ طور پر تمام اسٹیک ہولڈرز کریمین کانگو ہیمرجک بخار کنٹرول کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، وائرس کی روک تھام کے لئے ایک جامع ایکشن پلان بنا دیا گیا ہے جس کے فوری نفاذ کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اجلاس میں بتایا کہ شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں کریمین کانگو ہیمرجک بخار کے مشتبہ مریضوں کے لئے 32 بیڈز پر مشتمل جبکہ فاطمہ جناح ہسپتال کوئٹہ میں کریمین کانگو ہیمرجک بخار کے کے کنفرم مریضوں کے لئے آئیسولیشن وارڈ قائم کردئے گئے ہیں۔