نواب خیر بخش مری کی قبر کی حفاظت خون کے آخری قطرے تک کریں گے ۔ اہلیان نیو کاہان

656

اہلیان نیو کاہان کوئٹہ کے مکینوں نے کیو ڈی اے کے چند افسران کی جانب سے علاقے کو زبردستی خالی کرانے اور گھروں کو مسمار کر نے، بال بچوں پر بلڈوزر چلانے کی دھمکی دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 32سال سے ہم یہاں رہائش پذیر ہیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کی بجائے ہمیں علاقے سے نکالنے کا ملک بھر کے عسکری اور سول ادارے، اعلیٰ حکام نوٹس لیں اگر ہمیں نقصان پہنچا تو اسکی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

جمعہ کے روز نبی بخش مری نے علاقہ مکینوں کے ہمراہ مری کیمپ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے 1992میں ممتاز قوم پرست رہنما بابائے بلوچ مرحوم نواب خیر بخش مری اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ وطن واپسی پر اس وقت کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر تاج محمد جمالی، وفاقی صوبائی حکومت نے سرکاری طور پر اعلان کیا تھا نواب خیر بخش مری کی قیادت میں افغانستان سے طویل جلا وطنی ختم کر کے واپس مری بلوچوں کو کوہ چلتن کے دامن میں رہائش کیلئے مستقل بنیادوں پر ہزاروں ایکر زمین فراہم کی گئی جس کو تمام فورم پر سراہا گیا اور ہم گزشتہ 32سال سے رہائش پذیر ہیں مختلف ادوار میں قبضہ گیر لینڈ مافیہ نے بھیس بدل بدل کر ہمیں یہاں سے بے دخل کر نے کی کوشش کی اور انہیں ناکامی کا سامنا کر نا پڑا حالانکہ 1993-94 میں کیو ڈی اے کے تمام اعلیٰ ذمہ داروں نے مری ہاﺅس ارباب کرم خان روڈ میں نواب خیر بخش مری سے التجا کی تھی کہ آپ کی قوم کے لوگ نیو کاہان کی حدود کے علاوہ ہزار گنجی مارکیٹ شالکوٹ اسکیم کے اندر بھی رہائش پذیر ہیں جنہیں یہاں سے نکال کر نیو کاہان کوئٹہ کی حدود میں رہائش دیں تاکہ ہمیں ہزار گنجی مارکیٹ اور شالکوٹ اسکیم کی تعمیر و ترقی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو حالانکہ ہمیں سرکاری واٹر ٹینکر کی ذریعے ہمیں پانی فراہم کیا جاتا تھا اور بچھائی جانے والی پائپ لائنوں سے کئی سال تک پانی ملتا رہا گزشتہ روز کیو ڈی اے کے آفیسر قیوم شاہ نے اہلیان نیو کاہان کے مکینوں کو فوری علاقہ خالی نہ کرنے کی صورت میں مکینوں پر فورسز کی چڑھائی اور آپریشن کی دھمکی دی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اور انتظامیہ نیو کاہان میں آباد ہزاروں مکینوں کو زندگی کی بینیادی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ان کے سروں سے چھت چھین کر انہوں بے گھر کر رہے ہیں جس کی ہم ہرگز اجازت نہیں دیں گئے ہم اپنے گھروں اور بابائے بلوچ نواب خیر بخش مری کی قبر کی حفاظت خون کے آخری قطرے تک کریں گئے اس کے لئے کسی قربانی سے دریخ نہیں کریں گے۔