کوئٹہ میں جامعہ بلوچستان میں گزشتہ ہفتے سے تدریسی سرگرمیاں بحال ہو چکی ہیں، تاہم ہاسٹلز تاحال بند ہونے کے باعث طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گرلز ہاسٹل میں رہائش پذیر طالبات کا کہنا ہے کہ وہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے تعلیم کے حصول کے لیے کوئٹہ آئی ہیں، مگر ہاسٹلز بند ہونے کے باعث انہیں رہائش کے مسائل کا سامنا ہے اور عارضی انتظامات میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
طلبہ کے مطابق جامعہ انتظامیہ کی جانب سے پہلے ہاسٹل فارم کی تجدید کی ہدایت دی گئی تھی، جس پر عملدرآمد بھی کیا جا چکا ہے، تاہم اس کے باوجود ہاسٹلز کھولنے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
متاثرہ طلبہ و طالبات نے جامعہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ ہی ہاسٹلز کو بھی فوری طور پر کھولا جائے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

















































