ایران کا امریکہ کی جدید ترین ایف-35 جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ، امریکہ کی تردید

33

ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک امریکی ایف-35 جنگی طیارے کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے، تاہم امریکی حکام نے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے۔

ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ وسطی ایران میں پیش آیا جہاں پاسدارانِ انقلاب نے ایک جدید امریکی اسٹیلتھ طیارے کو مار گرایا، یہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران دوسرا ایف-35 طیارہ ہے جسے ایران نے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کاروائی میں طیارہ تباہ ہوگیا اور پائلٹ کے بچنے کے امکانات کم ہیں، جبکہ کچھ رپورٹس میں مبینہ ملبے کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

تاہم ان تصاویر کی سہی ہونے کی ازادنہ تصدیق تاحال نہیں کی جاسکی ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع اور سینٹرل کمانڈ نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی اور بعض بیانات میں انہیں غیر مصدقہ یا جھوٹا قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک واقعہ سامنے آیا تھا جس میں ایک امریکی ایف-35 طیارہ ایران کے اوپر مشن کے دوران متاثر ہونے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں ایک امریکی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہو گیا تھا، تاہم امریکہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حملے میں انکا پائلٹ محفوظ رہا۔

ماہرین کے مطابق ایف-35 دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ جنگی طیاروں میں شمار ہوتا ہے، جسے ریڈار سے بچنے کی صلاحیت حاصل ہے، اس لیے اس طیارے کو گرانے کا دعویٰ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے لیکن اب تک اس کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔