لسبیلہ: فائرنگ سے پنجاب کا رہائشی شخص ہلاک

48

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ہلاک شخص اپنی زرعی ادویات کی دکان میں موجود تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 40 سالہ عدیل ارشد ولد محمد ارشد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ہلاک شخص کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے تھا اور وہ اوتھل کی مگسی کالونی میں رہائش پذیر تھے۔

واقعے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 6 خول برآمد کیے، جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے۔

دریں اثنا، لاش کو لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کی جائے گی۔