کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ کو 6117 دن مکمل

6

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام قائم احتجاجی کیمپ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6117 دن مکمل ہو گئے ہیں، جسے منتظمین کے مطابق دنیا کا طویل ترین اور پرامن احتجاجی کیمپ قرار دیا جاتا ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ جبری گمشدگیوں جیسے سنگین انسانی مسئلے کے حل کے لیے ضروری ہے کہ ریاستی ادارے انسانی اقدار اور ملکی قوانین کے مطابق سنجیدہ اور عملی اقدامات کریں۔ ان کے مطابق مسئلے کے حل کے لیے آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی شخص کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کی اجازت نہ ہو۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کے تمام کیسز کی آزاد اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن افراد پر کسی قسم کے الزامات ہیں انہیں منظر عام پر لا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے تاکہ انہیں اپنے دفاع کا قانونی حق حاصل ہو سکے۔

نصراللہ بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے خاندانوں کو قانونی، مالی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے اور ان کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ جبری گمشدگیوں کی روک تھام کے لیے واضح اور مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد انسانی حقوق کی تنظیموں کو نگرانی اور رپورٹنگ کی اجازت دی جائے تاکہ شفافیت برقرار رہے، جبکہ مسئلے کے پائیدار حل کے لیے ریاست اور متاثرہ فریقین کے درمیان سنجیدہ مکالمہ بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔