وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق، جبری لاپتہ عنایت اللہ بنگلزئی کے بھائی اسد بنگلزئی نے تنظیم سے رابطہ کر کے شکایت کی کہ ان کے بھتجے، 13 سالہ امان اللہ کو، سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے 20 فروری کی رات 2 بجے کلی جیو، کوئٹہ سے جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
واضح رہے کہ امان اللہ کے والد، عنایت اللہ کو، پاکستانی فورسز کے اہلکاروں نے 23 مئی 2014 کو اسپلنجی سے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔ ان کا پروڈکشن آرڈر بھی کمشن نے جاری کیا تھا، تاہم عنایت اللہ کو اب تک بازیاب نہیں کیا جا سکا۔ اب ان کے کمسن بیٹے امان اللہ کو بھی جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے۔
وی بی ایم پی نے کمسن امان اللہ کی جبری گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ امان اللہ اور اس کے والد کی فوری بازیابی کو یقینی بنائیں۔



















































