کراچی: سی ٹی ڈی کا بی ایل ایف سے وابستہ ایک شخص کو گرفتار کرنے کا دعوی

1

سندھ کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے اتوار کے روز ایک انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی کارروائی کے دوران کراچی سے مبینہ طور پر وابستہ ایک شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت امجد عرف گہرام کے نام سے ہوئی ہے، جو سی ٹی ڈی کی “ریڈ بک” میں شامل انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں موجود تھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے میں کی گئی، جہاں سے ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا ہے کہ اس نے 2022 میں ایک ہمسایہ ملک میں عسکری تربیت حاصل کی، جہاں اسے جدید ہتھیاروں کے استعمال اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) نصب کرنے کی تربیت دی گئی تھی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق تفتیش میں ملزم کے کئی اہم واقعات سے مبینہ روابط بھی سامنے آئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ امجد عرف گہرام پر کراچی کے علاقے ماڑی پور میں حساس تنصیبات اور گاڑیوں کی ریکی کرنے کا الزام ہے۔ مزید برآں اس پر مبینہ طور پر جعفر ایکسپریس ٹرین پر ہونے والے حملے کے لیے معلومات اور لاجسٹک معاونت فراہم کرنے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پر ماڑی پور کے علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق مبینہ طور پر ایک اور بلوچ مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی سے وابستہ اہم شخصیت ظفر بلوچ عرف ماما سے بھی بتایا جا رہا ہے، جو جعفر ایکسپریس ٹرین حملے کے دوران مارا گیا تھا۔

حکام کے مطابق امجد عرف گہرام، ظفر بلوچ کا قریبی ساتھی اور بھانجا بتایا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس سے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر مبینہ نیٹ ورکس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔