ڈیرہ بگٹی: گھر پر دستی بم حملہ، ایک شخص ہلاک، دوسرا زخمی

123

ڈیرہ بگٹی میں ایک گھر پر مسلح افراد کے دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں قبائلی شخصیت وڈیرہ شیردل کرمزئی بگٹی کے گھر پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دستی بم پھینکا، جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں وڈیرہ شیردل بگٹی کے بیٹے جبار بگٹی موقع پر ہلاک جبکہ ان کا دوسرا بیٹا عزیز بگٹی شدید زخمی ہو گیا۔

واقعے کے بعد مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاش و زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

زخمی عزیز بگٹی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے رحیم یار خان، پنجاب ریفر کر دیا گیا۔

پولیس اور دیگر ایف سی نے علاقے کا محاصرہ کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔