نال کے علاقے گریشہ میں ڈیتھ اسکواڈ کے ساتھ جھڑپ، بی ایل ایف کے دو سرمچار وحید عرف ولید اور سمیر عرف میران شہید۔ میجر گہرام بلوچ

21

 
بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بی ایل ایف کے سرمچاروں کا ایک دستہ 13 فروری 2026 کو نال کے علاقے گریشہ میں معمول کے گشتی مشن پر تھا کہ دوپہر دو بجے کے قریب نَدگی کے مقام پر پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ریاستی سرپرستی میں چلنے والے ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں نے ان پر حملہ کر دیا۔ سرمچاروں نے فی الفور پوزیشنیں سنبھال لیں اور دشمن پر جوابی وار کیا جس پر سرمچاروں اور سرکاریحمایت یافتہ مسلح جتھے کی کارندوں کے درمیان ایک طویل جھڑپ شروع ہوا۔
 
انہوں نے کہا کہ دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس جھڑپ میں سرمچاروں کے ایک اور دستے نے دوسری سمت سے ڈیتھ اسکواڈ پر کاری ضرب لگائی۔جس سے وہ حواس باختہ ہوگئے۔ سرمچاروں کی بروقت حکمت عملی نے دشمن کو پسپا کر دیا۔ دشمن اپنے ہلاک اور زخمی اہلکاروں کو اٹھا کر جائے وقوعہ سے فرار ہونے پر مجبور ہو گیا۔
 
ترجمان نے کہا کہ جھڑپ کے ابتدائی مرحلے میں دشمن کی فائرنگ سے ایک سرمچار ساتھی شہید اور ایک شدید زخمی ہوگئے۔ سرمچاروں کے ایک دستے نے شدید گولہ باری کے دوران زخمی سرمچار اور شہید ساتھی کے جسدِ خاکی کو جائے وقوعہ سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا، تاہم دوسرے زخمی ساتھی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بعد ازاں جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہید سرمچاروں کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
 
شہید سمیر بلوچ عرف میران
دشمن کے ساتھ اس جھڑپ میں سمیر بلوچ ولد خالق داد، سکنہ بدرنگ گریشہ شہید ہوئے۔ آپ مارچ 2024 میں بلوچستان لبریشن فرنٹ  کے پلیٹ فارم سے پہاڑی گوریلا محاذ کا حصہ بنے۔ آپ ایک جفاکش، ملنسار اور نہایت بہادر سرمچار تھے۔ شہید سمیر بلوچ کو ان کے اخلاق اور خلوص کی وجہ سے ساتھیوں میں خاص مقام حاصل تھا۔ آپ نے آواران، کولواہ، جھاؤ، سورگر، اورناچ، نال اور گریشہ میں مختلف محاذوں پر خدمات سرانجام دیے۔ تنظیم اس عظیم قربانی پر اسے خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
 
شہید وحید بلوچ عرف ولید
دشمن کے ساتھ اس معرکہ میں شہید ہونے والا ساتھی وحید ولد خالق داد، سکنہ گونی گریشہ ہے۔ آپ نے 2024 میں بطور شہری گوریلا بلوچستان لبریشن فرنٹ میں شمولیت اختیار کی۔ ایک سال تک کامیاب مشن سرانجام دینے کے بعد، 2025 میں تنظیمی فیصلے کے تحت پہاڑی محاذ پر منتقل ہو گئے۔ آپ جغرافیائی امور کے ماہر اور ایک ایماندار ساتھی تھے۔ اپنے آخری معرکے میں زخمی ہونے کے باوجود آپ کا حوصلہ بلند رہا۔اپنے ساتھیوں کو دشمن کے محاصرے سے نکالنے میں آخری سانس تک رہنمائی کرتے رہے۔ تنظیم انہیں اس عظیم قربانی پر خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
 
ترجمان نے کہا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ دامنِ شاشان کے معرکے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے اپنے دو جانباز سرمچاروں، وحید بلوچ عرف ولید اور سمیر بلوچ عرف میران کو ان کی عظیم قربانی اور غیر متزلزل بہادری پر سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور اپنے اس عزم کو دہراتی ہے کہ بلوچستان کی آزاد تک شہداء کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔