زہری میں کرفیو کے خاتمے کا مطالبہ – علاقے میں خوراک قلت ہوگئی ہے – حاجی عبداللہ آزاد

17

انجمن تاجران زہری کے سرپرستِ اعلیٰ اور میونسپل کمیٹی زہری کے کونسلر حاجی عبداللہ آزاد نے میڈیا پر جاری اپنے بیان میں زہری میں نافذ کرفیو کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زہری میں گزشتہ چار روز سے کرفیو نافذ ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق انجیرہ کراس اور لاکھوریاں کے مقامات پر درجنوں گاڑیاں کھڑی ہیں جن میں خواتین، بچے، بزرگ اور دیگر مسافر موجود ہیں۔ سخت سردی اور ماہِ رمضان کے دوران ان مسافروں کو شدید اذیت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حاجی عبداللہ آزاد نے کہا کہ زہری بازار کی مسلسل بندش کے باعث گھروں میں خوردنی اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی ہے، جس سے عوامی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں عوام کو مشکلات میں ڈالنے کے بجائے انسانیت کی بنیاد پر ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر خضدار اور زہری سیکٹر انچارج سے اپیل کی کہ زہری میں نافذ کرفیو کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ انجیرہ کراس پر پھنسے ہوئے خواتین، بچے اور دیگر مسافر اپنے گھروں کو جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید کا سیزن قریب ہے، اس لیے کرفیو کے خاتمے سے زہری میں معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں گے اور عوام عید اور رمضان کی خوشیوں کو اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ منا سکیں گے