خامنہ ای کی موت، پاکستان میں احتجاج، امریکی قونصل خانے پر حملے

14

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت کی خبر کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اس دوران مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر حملہ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی اور آگ بھی لگا دی ہے۔

امریکن قونصلیٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 8 ہوگئی اور 12 افراد زخمی ہیں جب کہ 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مظاہرین نے سلطان آباد پل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی۔

علاوہ ازیں شہر کے بعض مقامات پر بھی کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ شہر کے اہم علاقوں نمائش چورنگی، عباس ٹاؤن اور ٹاور پر مظاہرین بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور سڑکوں پر نعرے بازی کی۔

عینی شاہدین کے مطابق قونصل خانے کے اطراف ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی اور کچھ مظاہرین نے پتھراؤ کیا جبکہ فائرنگ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

لاہور پریس کلب کے سامنے بھی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر حملے کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جب کہ مظاہرین کی بڑی تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے امریکا کے خلاف نعرے بازی کی۔

احتجاج کے دوران مظاہرین امریکی قونصل خانے کی جانب بڑھ گئے اور توڑ پھوڑ کی کوشش کی اور مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے سامنے لگا سیکیورٹی کیمپ بھی اکھاڑ دیا۔
پولیس نے مظاہرین کو امریکی قونصل خانے کے اندر جانے سے روک دیا، مظاہرین میں بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک ہے۔