کراچی میں بی وائی سی کی ماہانہ مہم کے تحت سیمینار کا انعقاد

35

بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے جاری ماہ بھر کی آگاہی مہم کے تحت کراچی میں ایک سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور بی وائی سی قیادت کی حراست کے معاملے کو اجاگر کیا گیا۔

تنظیم کے مطابق سیمینار کا انعقاد ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بلوچستان میں آزاد آوازوں کو دبانے، جمہوری سرگرمیوں کو محدود کرنے اور قانونی ذرائع کے غلط استعمال کا سلسلہ جاری ہے۔ مقررین نے کہا کہ اس مہم کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی آواز کو سامنے لانا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔

تقریب میں مقررین اور شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بی وائی سی قیادت کی گرفتاری کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے، جبکہ خطے میں سیاسی آزادیوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

سیمینار کے دوران جبری گمشدگیوں کے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات اور ان کے ذہنی و سماجی مسائل پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

مقررین نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبرگ بلوچ، شاہ جی ، گلزادی بلوچ اور بیبو بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں کی طویل حراست کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے مطالبہ کیا کہ زیر حراست رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور بلوچستان میں سیاسی و جمہوری آزادیوں کو بحال کیا جائے۔