وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ کو 6095 دن مکمل، لاپتہ افراد کے لواحقین کی شرکت، بازیابی کا مطالبہ

18

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام قائم دنیا کے طویل ترین پرامن احتجاجی کیمپ کو تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6095 دن مکمل ہو گئے۔

اس موقع پر جبری لاپتہ نعمت اللہ کی والدہ جبکہ محمود علی لانگو کی کمسن بچی، والدہ اور دادا نے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے اپنے پیاروں کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

لواحقین کا کہنا تھا کہ ان کے پرامن احتجاج کا مقصد اعلیٰ حکام تک اپنی آواز پہنچانا ہے تاکہ انہیں ملکی قوانین کے تحت انصاف فراہم کیا جائے اور انہیں اپنے لاپتہ پیاروں کی جبری گمشدگی کی اذیت سے نجات دلائی جائے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری لاپتہ افراد کے لواحقین انصاف کی فراہمی کے لیے قائم اداروں کے سامنے پیش ہونے کے ساتھ ساتھ پرامن طریقے سے سراپا احتجاج ہیں، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کسی بھی سطح پر ان کی داد رسی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث لواحقین شدید ذہنی کرب و اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے اسے شہریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے حکومت اور ملکی اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کے مکمل سدباب کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور محمود علی لانگو اور نعمت اللہ سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنا کر لواحقین کو طویل عرصے سے جاری اذیت سے نجات دلائی جائے۔