خضدار: پاکستانی فوج نے زہری میں کرفیو نافذ کردی، عوام شدید مشکلات سے دوچار

32

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں پاکستانی فوج کی جانب سے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث تمام بازار، کاروباری مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ اور آمد و رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ کرفیو کے نفاذ سے ہزاروں شہری اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق کرفیو کے باعث اشیائے خورد و نوش کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء، آٹا، دودھ، سبزیاں اور ادویات تک عوام کی رسائی محدود ہو گئی ہے، جس سے بالخصوص یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور طبقے کو سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ کاروبار کی بندش سے مقامی معیشت مفلوج ہو چکی ہے اور شہری بنیادی ضروریات کے حصول کے لیے پریشان ہیں۔

علاقہ مکینوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر کرفیو میں نرمی کرے اور عوام کو فوجی حصار اور پابندیوں سے نجات دلائے تاکہ لوگ کم از کم اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مریضوں کو اسپتال تک رسائی میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

واضح رہے کہ زہری میں اس سے قبل بھی ایک ماہ طویل کرفیو نافذ کیا گیا تھا اور اس دوران ڈرون حملوں کے باعث جانی و مالی نقصانات ہوئے تھے، جس سے خوف و ہراس کی فضا قائم رہی۔

یاد رہے کہ نوشکی میں بھی کرفیو بدستور جاری ہے، جس سے وہاں کے عوام کو مسلسل شدید مشکلات کا سامنا ہے۔