بلوچ یکجہتی کمیٹی اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ تنظیم مرکزی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر رہنماؤں کو جھوٹے اور من گھڑت مقدمات کے تحت غیر قانونی طور پر حراست میں لیے ہوئے تقریباً ایک سال مکمل ہونے کو ہے۔ کسی بھی قابلِ اعتماد اور ٹھوس شواہد کی عدم موجودگی کے باوجود انہیں مسلسل قید میں رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران جیل میں ڈاکٹر ماہ رنگ کی صحت تشویشناک حد تک متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے متعدد بار جیل سپرنٹنڈنٹ کو تحریری درخواستیں دے کر طبی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، مگر ان کی درخواستوں کو مسلسل نظر انداز کیا گیا۔ بالآخر قانونی ٹیم کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کرنے کے بعد جیل ڈاکٹر نے ان کا معائنہ کیا اور مختلف طبی ٹیسٹ تجویز کیے، لیکن اس کے باوجود انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
18 فروری کو ان کی حالت مزید بگڑ گئی، جس کے باعث جیل حکام کو انہیں شیخ زید اسپتال منتقل کرنا پڑا، جہاں ان کی لمبر اسپائن کا ایم آر آئی کیا گیا۔ رپورٹ میں ریڑھ کی ہڈی کے سنگین مسائل کی نشاندہی ہوئی، جن میں ڈسک کے ابھار، اعصابی جڑوں پر دباؤ، اور L4-L5 کی سطح پر اینولر ٹیئر شامل ہیں۔ ڈاکٹروں نے آرام اور مناسب طبی علاج کی واضح سفارش کی ہے۔
تنظیم نے کہا ہے کہ انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ پولیس نے ابتدائی طور پر ایم آر آئی رپورٹ فراہم کرنے سے انکار کیا اور اسے چھپانے کی کوشش کی۔ مسلسل قانونی دباؤ کے بعد دس دن کی جدوجہد کے نتیجے میں رپورٹ حاصل کی جا سکی۔
طبی شواہد واضح طور پر ثابت کرتے ہیں کہ ڈاکٹر ماہ رنگ کو فوری اور مکمل علاج کی ضرورت ہے۔ اس کے باوجود عدالت بغیر کسی مضبوط قانونی بنیاد کے ان کی ضمانت مسترد کر رہی ہے اور ایک طویل اور غیر ضروری عدالتی کارروائی پر اصرار کر رہی ہے، حالانکہ ان پر کوئی قابلِ اعتبار الزام موجود نہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی واضح طور پر اعلان کرتی ہے کہ انسانی حقوق اور انصاف کی آواز بلند کرنا کوئی جرم نہیں۔ ڈاکٹر ماہ رنگ کو طبی سہولیات سے محروم رکھنا اور ان کی آزادی سلب کرنا آئینی، قانونی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
آخر میں کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو فوری طور پر مکمل اور معیاری طبی علاج فراہم کیا جائے، انہیں فوری طور پر ضمانت پر رہا کیا جائے۔بلوچ یکجہتی کمیٹی کے تمام غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے رہنماؤں کو بلا تاخیر رہا کیا جائے۔



















































