بلوچستان میں فائرنگ کے مختلف واقعات، کیچ میں دو افراد جبکہ کوئٹہ میں بچہ اور خاتون سمیت تین جاں بحق

44

بلوچستان کے ضلع کیچ اور کوئٹہ میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

ضلع کیچ کے علاقے تربت میں دو مختلف واقعات پیش آئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بلیدہ کے علاقے میناز میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے طالب ولد نزیر احمد کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

اسی طرح تربت کے علاقے چاہ سر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مجاہد ولد حامد جاں بحق ہوگئے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے اچانک فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں طالب ولد نزیر احمد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے سریاب مل، صدام پھاٹک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں بچہ اور خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔