پاکستانی فوج کی پشین میں خودکش بمبار سمیت پانچ افراد کی ہلاکت کا دعویٰ

133

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقے پشین میں کارروائی کے دوران ایک مبینہ خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ چار دیگر شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سوموار کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 فروری کو سکیورٹی فورسز نے ضلع پشین میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک آپریشن کیا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’آپریشن کے دوران، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا‘۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے چار دیگر مسلح افراد کا تعاقب کر کے انھیں ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک ہونے والے مبینہ شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔